منگل 12 نومبر 2024 - 11:51
نمازِ اول وقت پڑھنے سے تنگدستی دور ہو جاتی ہے، آیت اللہ شیرازی کا نصیحت آموز واقعہ

حوزہ/ آیت اللہ العظمیٰ سید عبدالہادی شیرازی (رح) نے نمازِ اول وقت کی اہمیت پر ایک نصیحت آموز واقعہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہ عمل نہ صرف روحانی سکون بلکہ مالی لحاظ سے بھی آسودگی کا بھی ذریعہ بنتا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آیت اللہ العظمیٰ سید عبدالہادی شیرازی (رحمۃ اللہ علیہ) نے نمازِ اول وقت کے فوائد پر ایک قابل ذکر واقعہ بیان کیا ہے جو نماز کی اہمیت اور اس کے دنیوی و روحانی اثرات کو واضح کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اپنے والد میرزا بزرگ شیرازی (رحمۃ اللہ علیہ) کے انتقال کے بعد، جب وہ چھوٹے تھے، تو گھر کی کفالت اور ذمہ داری ان کے کاندھوں پر آ گئی تھی اور مالی مشکلات سے دوچار ہوگئے۔

ایک رات خواب میں انہوں نے اپنے والد کو دیکھا، تو والد نے ان سے حال پوچھا۔ سید عبدالہادی نے جواب دیا کہ مالی حالات ٹھیک نہیں ہیں اور غربت کی وجہ سے سختی کا سامنا ہے۔ اس پر ان کے والد نے کہا: "اہلِ خانہ اور بچوں کو تاکید کرو کہ وہ نماز اول وقت پڑھیں، اس سے تمہاری تنگدستی دور ہو جائے گی۔"

یہ واقعہ ہمیں بتاتا ہے کہ نماز اول وقت پڑھنا نہ صرف ایک عظیم دینی فریضہ ہے بلکہ یہ تنگدستی اور مالی مشکلات کے حل کا ذریعہ بھی ہے۔ آیت اللہ بہجت (رحمۃ اللہ علیہ) نے بھی اس واقعے کا تذکرہ کرتے ہوئے نماز اول وقت کی تاکید کی اور کہا کہ نمازِ اول وقت پڑھنے سے اللہ کی جانب سے مشکلات میں آسانی پیدا ہوتی ہے اور انسان کو رزق میں برکت ملتی ہے۔

اس واقعے کو کتاب "در محضر بہجت"* کی جلد ۳، صفحہ ۱۸۸ میں درج کیا گیا ہے، جو کہ اس بات کا ثبوت ہے کہ اللہ تعالی کے احکام کی تعمیل اور نماز کے وقت کی پابندی دنیوی اور اخروی کامیابی کا راستہ ہموار کرتی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha